پٹنہ 17 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار جیتن رام مانجھی جو آج ہی دہلی سے واپس ہوئے ہیں، اُنھوں نے اپنی تمام سرکاری مصروفیات منسوخ کردیں اور اپنے حامی وزراء اور ارکان اسمبلی کے ساتھ 20 فروری کے خط اعتماد کے بارے میں حکمت عملی کا تعین کرنے کے لئے بند دروازوں میں غور و خوض کے سلسلہ میں مصروف ہوگئے۔ مانجھی نے ذرائع ابلاغ کے کسی سوال کا پٹنہ ایرپورٹ پر جواب نہیں دیا اور سیدھے اپنی سرکاری قیامگاہ کے لئے روانہ ہوگئے۔ اُنھوں نے دو تقاریب میں اپنی شرکت کا پروگرام بھی منسوخ کردیا۔ علاوہ ازیں اُنھوں نے اپنا کھگاریا کا دورہ بھی منسوخ کردیا۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع کے بموجب ریاستی وزیر فنون لطیفہ و ثقافت ونئے بہاری جنھوں نے ایرپورٹ پر مانجھی کا استقبال کیا تھا، انہوں نے پریس کانفرنس میں کہاکہ ہمیں 20 فروری کو ایوان اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کا یقین ہے، حالانکہ بی جے پی نے ابھی تک اپنی حکمت عملی ظاہر نہیں کی ہے۔اُنھوں نے کہاکہ دہلی میں بی جے پی کے سینئر قائدین سے ہماری بات چیت مثبت رہی۔