نئی دہلی/26نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹرد ہلی ارویند کجریوال نے طبیعت ناساز ہوجانے پر آج کی تمام عوامی مصروفیات منسوخ کردیں۔ چیف منسٹرآفس کے ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے جنہیں ہلکا بخار ہے۔ چیف منسٹر آج اسمبلی اجلاس سے غیر حاضر رہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے دانشوروں کے فورم انڈیا ڈائیلاگس کے زیر اہتمام یوم دستور کی تقریب میں شرکت سے گریز کیا۔ واضح رہے کہ ارویند کیجروال ذیابیطس اور دائمی کھانسی سے متاثر ہیں ۔
عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی گرفتار
نئی دہلی۔/26نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کی ایک عدالت نے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی اکھلیش ترپاٹھی کو سال 2013ء میں بلوہ اور دھونس اور دھمکی کیس میں آج گرفتاری کے بعد دو یوم کیلئے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ وہ حکمران جماعت کے گرفتار ہونے والے پانچویں رکن اسمبلی ہیں قبل ازیں جاری کردہ عدالت کے غیر ضمانت وارنٹ کی تعمیل کرتے ہوئے پولیس نے آج انہیں پیش کردیا جہاں سے انہیں 28نومبر تک عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ سال 2013 میں اکھلیش ترپاٹھی اور عام آدمی پارٹی لیڈروں کے خلاف پولیس نے کیس درج کیا تھا۔