چیف منسٹر ‘جھوٹوں کے سردار ‘ ماضی کے وعدے وفا نہ ہوئے

سنگارینی انتخابات میں شراب اور دولت لٹانے کا الزام ۔اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/29ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کو جھوٹوں کا سردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سنگارینی مزدوروں سے کئے گئے وعدوں کو ابھی تک پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے چیف منسٹر کے وعدوں پر بھروسہ نہ کرنے کی اپیل کی۔ سنگارینی انتخابات میں کامیابی کیلئے حکمران ٹی آر ایس کی جانب سے شراب بڑے پیمانے پر لٹانے اور نوٹوں کے تھیلے کھول دینے کا الزام عائد کیا۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے 2014 کے عام انتخابات میں سنگارینی مزدوروں سے کئے گئے ایک بھی وعدے کو پورا نہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے عہدہ پر برقرار رہتے ہوئے جھوٹ بولنا کے سی آر کو زیب نہیں دیتا۔ عام انتخابات میں سنگارینی مزدوروں کو ذاتی گھر دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، چند دن قبل 10 لاکھ روپئے بطور قرض دینے کا اعلان کیا گیاتھا جس کو آج گھٹاکر 6لاکھ روپئے کردیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ سنگارینی بھوپال پلی پلانٹ کا کانگریس کے دور اقتدار میں قیام عمل میں لایا گیا۔ سنگارینی انتخابات میں شکست کے خوف سے حکمران ٹی آر ایس مختلف مزدور تنظیموں کے قائدین کو لالچ دے کر انہیں ٹی آر ایس اور اس کی محاذی مزدور تنظیم میں شامل کررہی ہے، سرکاری مشنری کا بیجااستعمال کیا جارہا ہے، شراب پانی کی طرح بہائی جارہی ہے اور دولت کے تھیلے کھول دیئے گئے ہیں۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے چیف منسٹرکے سی آر سے سوال کیا کہ تہوار کیلئے اڈوانس دینے میں نئی بات کیا ہے۔ اس طرح کے اڈوانس کانگریس دور حکومت میںبھی دینے کا انہوں نے دعویٰ کیا۔وراثتی ملازمتوں کے معاملات میںدھوکہ دینے کا انہوں نے چیف منسٹر پر الزام عائد کیا۔ تقررات اور وراثتی ملازمتوں کو ایک دوسرے سے جوڑ دینے پر انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام ملازمتیں ہمیشہ جاری رہنے والا عمل ہے۔ عدالت کے مقدمات سے کانگریس کا تعلق ہونے کی اتم کمار ریڈی نے تردید کی۔صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانیوں سے کمائی گئی دولت سے مزدوروں کے ووٹ خریدے جارہے ہیں۔ انہوں نے آئی ٹی استثنیٰ پر تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے میڈیکل بھون تعمیر نہ کرنے کی وجوہات طلب کی۔