پٹنہ۔/9جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کے عہدہ سے ہٹادیئے جانے کی قیاس آرائیاں نقطہ عروج پر پہنچ جانے کے پیش نظر جتن رام مانجھی نے آج کہا ہے کہ انہیں یہ علم ہے کہ وہ دوبارہ اس عہدہ پر واپس نہیں آسکتے لیکن آئندہ چیف منسٹر ایک دلت کو بنانے کی پرزور وکالت کریں گے۔ مغربی چمپارن ضلع میں قائیلیوں کی ایک تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے یہ معلوم ہے کہ میں دوبارہ چیف منسٹر نہیں بنایا جاؤں گا اور نہ ہی مجھے اس پر افسوس بھی نہیں ہے لیکن درج فہرست ذاتوں اور قبائیل کی فلاح و بہبود کیلئے ایک دلت کو نیا چیف منسٹر بنایا جائے۔ دہلی میں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور جنتا دل متحدہ صدر شرد یادو سے ملاقات کیلئے سابق چیف منسٹر نتیش کمار کی روانگی کے بعد چیف منسٹر مانجھی کو ہٹادیئے جانے کی قیاس آرائیاں شدت پکڑ گئی ہیں تاہم نتیش کمار نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہار کے مسئلہ پر دہلی جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ گزشتہ سال عام انتخابات میں جنتا دل متحدہ کی شکست کے بعد اسوقت کے چیف منسٹر نتیش کمار نے خود مانجھی کو اپنا جانشین بنایا تھا لیکن حال ہی میں نتیش کمار کے بااعتماد آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلوں اور باغی ارکان اسمبلی کی کھلے عام تائید سے درڑایں پیدا ہوگئیں۔