نئی دہلی۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسام میں چیف منسٹر کی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے مطالبہ کے پس منظر میں چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی نے صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کرکے انہیں ریاست کی صورتِ حال سے تفصیلی طور پر واقف کروایا۔ ترون گوگوئی پر ناراض اراکان کی جانب سے چیف منسٹر کی تبدیلی کیلئے سخت دباؤ ہے۔ ناراض کیمپ میں ریاستی وزرائے صحت و تعلیمات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ریاست کے بحران پر چند دن قبل قیادت سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ اس بات کے اشارے مل رہے ہیں کہ گوگوئی کو تبدیل نہیں کیا جائے گا بلکہ ناراض ارکان کو راضی کرنے کے لئے ایک مفاہمتی فارمولہ طئے کیا جارہا ہے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی سے چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی کی ملاقات اس پس منظر میں اہمیت رکھتی ہے۔