چیف منسٹروں کی ہتک پر مودی کی خاموشی کی مذمت

چندی گڑھ 22 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر امریندر سنگھ نے وزیر اعظم کی موجودگی میں ان کے حامیوں کی جانب سے کچھ چیف منسٹرس کی ہتک کئے جانے پر مودی کی خاموشی پر سوال کیا ہے اور کہا کہ بی جے پی اس طرح کے واقعات کی مدافعت کر رہی ہے ۔ نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ ان واقعات پر وزیر اعظم کی خاموشی ایک طرح سے ان کے اتفاق کے برابر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر خود وزیر اعظم کے ساتھ ایسا کیا جائے تو وہ کیا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے کارکنوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دینے کی بجائے بی جے پی نے چیف منسٹروں پر تنقید کی ہے اور انہیں محاسبہ کا مشورہ دیا ہے ۔ وزیر اعظم کو نہ صرف اس پر اعتراض کرنا چاہئے تھا بلکہ اس کی مذمت کرتے ہوئے اپنے حامیوں کو خاموش کروانا چاہئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے کی بجائے وزیر اعظم نے منتخبہ سربراہان حکومتوں کے ساتھ اس رویہ پر خاموشی اختیار کی ہے اور شائد اس پر انہوں نے مسرت بھی محسوس کی ہے ۔