چیف سکریٹری تنازعہ : عاپ ایم ایل ایز سے تفتیش

گوا انتخابات کے دوران رشوت خوری کے تبصرے پر کجریوال کے خلاف تفتیش کا مطالبہ
نئی دہلی ۔ یکم / مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے آج عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی راجیش رشی سے دو گھنٹے تک چیف سکریٹری انشو پرکاش پر حملے کے سلسلے میں تفتیش کی ۔ جبکہ پارٹی نے الزام عائد کیا کہ پولیس جانبدارانہ انداز میں کام کررہی ہے اور عام آدمی پارٹی کے وزیر عمران حسین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے جن پر حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ دو عاپ ارکان اسمبلی نتیش تیاگی اور راجیش رشی کو آج پولیس نے سیول لائینس پولیس اسٹیشن میں چار بجے شام تفتیش کیلئے طلب کیا تھا ۔ تاہم وہ تقریباً 6 بجے شام پولیس اسٹیشن پہونچے ۔ پارٹی لیڈر اشوتوش نے پولیس پر جانبدارانہ انداز میں کام کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وزیر عمران حسین پر سکریٹریٹ میں عہدیدار پر حملے کے سلسلے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی ۔ حسین نے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے سی سی ٹی وی جھلکیوں میں اس کو عہدیداروں پر حملہ کرتے ہوئے ریکارڈ کئے جانے کے بعد ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پیش کی تھی ۔ پریس کانفرنس میں عدالت کے حکمنامے کے اقتباسات بھی پیش کئے گئے جس میں ٹی وی جھلکیوں سے بادی النظر میں ریاستی وزیر مجرم سمجھتے جاسکتے تھے ۔ پاناجی سے موصولہ اطلاع کے بموجب ایک ریٹرننگ آفیسر نے آج عدالت میں درخواست دی کہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے بیانات کے سلسلے میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے مبینہ طور پر 2017 ء کے گوا اسمبلی انتخابات کے دوران اپنی تقریر میں رشوت خوری کا الزام عائد کیا تھا ۔ رٹرننگ آفیسر گروداس دیسائی نے کجریوال کے خلاف الیکشن کمیشن کے حکمنامے کی بنیاد پر شکایت درج کروائی تھی ۔ مجسٹریٹ کے اجلاس پر انہوں نے کہا کہ عدالت نے ماپوسا پولیس کو تحقیقات کی ہدایت دی گئی تھی لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔