چیس باکسنگ میں نظام الدین کو گولڈ میڈل

کولکاتا میں منعقدہ مقابلوں میں محمد زاہد کو بھی گولڈ، سلیم الدین کو سلور
حیدرآباد ، 4 سپٹمبر (راست) کھیلوں میں یوں تو بنیادی طور پر جسمانی دم خم کی آزمائش ہوتی ہے جبکہ بعض کھیلوں میں جیت کیلئے ذہنی صلاحیت کا غلبہ رہتا ہے لیکن کچھ عرصے سے دنیائے کھیل کود میں ایکشن اور مائنڈ دونوں کے انوکھے امتزاج کے ساتھ ’’چیس باکسنگ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کھیل کے بارے میں بتاتے چلیں کہ باکسنگ رنگ میں حریف کھلاڑی معمول کے مطابق مکہ بازی کرتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ شطرنج (چیس) میں بھی مسابقت کرتے ہیں۔ ہے نا عجیب مگر دلچسپ کھیل! زیادہ خوشی کی بات یہ ہے کہ ایسے اختراعی کھیل میں بھی حیدرآبادی لڑکے کسی سے پیچھے نہیں ہیں جیسا کہ چیس باکسنگ آرگنائزیشن آف انڈیا کے زیراہتمام فیڈریشن کپ 2014ء منعقدہ کولکاتا میں حیدرآبادی محمد نظام الدین نے 80-85Kg سینئر سیکشن میں گولڈ میڈل جیتا۔ 28 تا 31 اگسٹ منعقدہ فیڈریشن کپ میں حیدرآباد سے جی ایچ ایم سی کوچ باکسر اسماعیل کے تربیت یافتہ پانچ لڑکوں نے حصہ لیا،

جن میں نظام الدین ساکن چادرگھاٹ کے علاوہ محمد زاہد (43-46Kg جونیر سیکشن) نے بھی گولڈ میڈل حاصل کیا۔ محمد سلیم الدین نے برونز میڈیل 49-52Kg سیکشن میں جیتا۔ دیگر لڑکوں میں محمد اسیر قادری اور محمد مقصود الدین کو مسابقت کا اعزاز حاصل ہوا۔ کامیاب لڑکوں کو صدر ورلڈ چیس باکسنگ آرگنائزیشن آئی ای پی ای روبنگھ نے انعامات دیئے جبکہ مغربی بنگال کے وزیر اسپورٹس مدن مترا نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ حیدرآباد واپسی پر ان لڑکوں نے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست سے ملاقات کی، جنھوں نے اُن کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دیگر گوشے بھی ان لڑکوں کاحوصلہ بڑھا رہے ہیں، جن میں احمد صدیقی مکیش پیش پیش ہیں۔