چیریال میں ماڈل ترکاری مارکٹ کا قیام ناگزیر

ریاستی وزیر ہریش راؤ سے این کرن کمار گوڑ کی تحریری نمائندگی
مدور ۔ 24؍ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ریاستی قائد مسٹر ناگاپوری کرن کمار گوڑ نے آج حیدرآباد میں ریاستی وزیر آبپاشی و مارکٹنگ مسٹر ٹی ہریش راؤ سے ایک وفد کے ہمراہ ملاقات کرتے ہوئے چیریال ٹاؤن میں شبانہ روز بڑھنے والی آبادی کے پیش نظر ماڈل ترکاری مارکٹ و نان ویج مارکٹ فی الفور تعمیر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریری یادداشت پیش کی ۔ نیز ماڈل ویج مارکٹ کے لئے درکار اراضی کی نشاندہی کرنے کا عزم ظاہر کیا ۔ یادداشت کو قبول کرتے ہوئے ریاستی وزیر ٹی ہریش راو نے ضروری کارروائی کے لئے ضلع کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رام ریڈی کو روانہ کرنے کا وفد کو تیقن دیا ۔ نیز ضلع سدی پیٹ کے چیریال ‘ کمراویلی ‘ مدور منڈلس کے علاوہ تمام ریاست کے ہر علاقے کی ہر ممکنہ ترقی کے لئے خلوص دل کے ساتھ بھرپور اقدامات کرنے کا ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے عزم ظاہر کیا ۔

راشن ڈیلروں کی بائیک ریالی و احتجاج
یلا ریڈی ۔ 24؍ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل لنگم پیٹ راشن ڈیلروں نے مسائل کے حل کا ڈیمانڈ کرتے ہوئے مستقر پر بائیک ریالی منظم کی ۔ اس موقع پر ڈیلروں کے سنگم ضلع صدر سریندر نے کہاکہ ریاستی ڈیلروں کو اقل ترین تنخواہ مقرر کی جائے ۔ اور کمیشن میں اضافہ کیا جائے ۔ موجودہ مختصر سے دیئے جا رہے کمیشن پر زندگی کا گذارہ ممکن نہیں بتایاجس کو مزید اور اس طرح گوارہ نہیں کیا جاسکتا ۔ ڈیلروں نے پکوان کرتے ہوئے اظہار ناراضگی کی ۔ بائیک ریالی نکالی ۔ اس موقع پر عبدالنعیم ‘ راجلو ‘ نارا گوڑ ‘ کرشنا مورتی ‘ رمیش ‘ چندریا ‘ لکشمیا ‘ نارائینا ‘ چندر ‘ نرسملو راماگوڑ موجود تھے ۔