چیتا کو ہلاک کرنے میں ملوث 6 افراد گرفتار

منچریال ڈیویژن فاریسٹ آفیسر وینکٹیشور راؤ کا انکشاف
منچریال ۔ 19 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : منچریال ضلع کے رنگم پیٹ جنگل میں گذشتہ دنوں ایک چیتے کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ۔ چیتے کی ہلاکت میں ملوث 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ یہ بات ڈیویژنل فاریسٹ آفیسر منچریال مسٹر وینکٹیشور راؤ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ افراد نے جنگل میں شکار کے لیے خار دار وائر کا استعمال کیا تھا ۔ جس میں چیتا پھنس گیا اور وہ اس جال سے نکلنے کی کوشش میں شدید زخمی ہوکر مر گیا ۔ ملوث ملزمین میں ڈی سرینواس ، جی ناگیش ، بی سمپت ، بنگی سمپت ، پی سریش ، ڈی وینکٹیش کو گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ کردیا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی کوال ٹائیگر زون سے ڈاگ اسکواڈ کی خدمات حاصل کرتے ہوئے تنقیح کی گئی جس کے ذریعہ جنگل میں قریب ہی اینٹ کی بھٹیوں میں کام کررہے 4 افراد کی شناخت کرلی گئی ۔ تحقیقات پتہ چلا کہ مزید 2 افراد اس ہلاکت میں ملوث ہیں ۔ انہیں بھی گرفتار کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ۔ اس پروگرام میں فاریسٹ رینج آفیسر مسٹر این سوامی ، ماینا ، ڈپٹی آفیسر ، عبدالمظہر ، ستیہ نارائنا ، چندرا موہن اور ڈاگ اسکواڈ نے حصہ لیا ۔۔