نئی دہلی 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں 24 اپریل کو منعقد ہونے والے چھٹے مرحلہ کے لوک سبھا انتخابات میں 117 نشستوں پر نامزد 2071 امیدواروں کے منجملہ 321 امیدوار ایسے ہیں جن پر فوجداری مقدمات چل رہے ہیں۔ 94 امیدواروں کے منجملہ 30 امیدوار کانگریس پارٹی کے ہیں۔ 77 امیدواروں کے منجملہ 20 امیدوار بی جے پی کے ہیں۔ 91 امیدواروں کے منجملہ 13 امیدوار عام آدمی پارٹی اور 111 امیدواروں کے منجملہ 27 بی ایس پی کے ہیں۔ 972 آزاد امیدواروں کے منجملہ 76 پر فوجداری مقدمات چل رہے ہیں۔ اِن امیدواروں کی جانب سے الیکشن کمیشن میں ازخود داخل کردہ حلف ناموں میں بتایا گیا ہے کہ وہ مجرمانہ ریکارڈ رکھتے ہیں۔ 11 امیدوار قتل کے مقدمہ کا سامنا کررہے ہیں۔ جبکہ 40 پر اقدام قتل کا الزام ہے۔ 13 امیدواروں پر مذہبی بنیاد پر مختلف طبقات میں نفرت پھیلانے کا کیس ہے۔
لاپتہ پولنگ آفیسر کی نعش گڑھے سے ملی
ایٹانگر ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک پولنگ آفیسر جو 9 اپریل سے اچانک لاپتہ ہوگئے تھے، کی نعش ایک گڑھے سے برآمد ہوئی۔ یہ واقعہ اروناچل پردیش کے ایسٹ سیانگ ڈسٹرکٹ کے موضع سائن میں رونما ہوا۔ سپرٹنڈنٹ آف پولیس ڈی آریا نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو میتھیوڈابی نام پولنگ آفیسر کی نعش ایک گڑھے میں ملی۔ انہوں نے کہا کہ موت کی وجوہات صرف پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہوسکتی ہے۔ دوسری طرف متوفی ڈابی کی اہلیہ نے متعلقہ حکام سے درخواست کی ہیکہ ان کے شوہر کے پوسٹ مارٹم کے لئے ڈاکٹرس کی ایک ٹیم عاجلانہ طور پر تشکیل دی جائے کیونکہ ان کی موت پراسرار حالات میں ہوئی ہے۔ حیرت کی بات یہ ہیکہ پولنگ ٹیم نے مسٹر ڈابی کے لاپتہ ہونے کی شکایت پولنگ پولیس کو نہیں دی تھی اور ڈابی کے بغیر ہی سائن کے لئے روانہ ہوگئے تھے۔