کلواکرتی۔/17جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کلواکرتی میں آئے دن لب سڑک چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو مختلف ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ہراسانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا اس کے سدباب کیلئے آج بلدیہ آفس میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کمشنر بلدیہ محمد صابر علی نے بتایا کہ عہدیداروں کی جانب سے بار بار ہراسانی کی شکایت دور کرنے کیلئے بلدیہ کی جانب سے ٹاؤن پلانر کے ذریعہ ایک لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے جس کے تحت کاروبار کو انجام دیتے ہوئے بغیر کسی ہراسانی اور خوف کے مستقل اسی جگہ پر کاروبار انجام دیئے جاسکتے ہیں جس کے لئے سب سے پہلے ہر ایک کاروباری کو چاہیئے کہ وہ ترکاری، فروٹ، ٹھیلہ بنڈی، ملبوسات کا لب سڑک کاروبار کرتے ہوں انہیں شناختی کارڈ حاصل کرنا ہوگا جس کے لئے 120 روپئے جمع کرکے اپنا شناختی کارڈ حاصل کرلیں جس کے بعد انہیں باضابطہ ایک جگہ متعین کی جائے گی جہاں پر بلاخوف و خطر و ہراسانی اپنا کاروبار کرسکتے ہیں۔ ان کی جانب سے جمع کئے گئے 120روپئے سے 100 روپئے ان کے گروپ جو کہ بلدیہ کی جانب سے بنائے جائیں گے اس میں جوائنٹ اکاؤنٹ میں جمع ہوں گے اور 20روپئے سے ان کا شناختی کارڈ بنایا جائے گا اور ہر ایک کاروباری کو لازماً وزیر اعظم یوجنا اسکیم کے تحت چلائی جارہی دونوں اسکیموں جس میں سالانہ 12 روپئے اور320روپئے اسکیم حاصل کرنا ہوگا۔ شناختی کارڈ حاصل کرنے والوں کو کسی ناگہانی حالات میں گروپس کی جانب سے انہیں لون بھی دلوایا جائے گا۔ اس پروگرام میں کمشنر بلدیہ محمد صابر علی، چیرمین سری سیلم، ضلع لاولی فوڈ اسپیشلسٹ راجیش، جونیر اسسٹنٹ اجیتا، ٹی ایف پربھاوتی، راجیشوری کے علاوہ تقریباً 150کاروباری افراد موجود تھے۔