چھتیس گڑھ اِسٹیل پلانٹ میں گیاس کا اخراج ، 5 ہلاک

مہلوکین میں 2 ڈپٹی جنرل مینیجر بھی شامل ، دیگر 30 افراد علیل
نئی دہلی۔ 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) چھتیس گڑھ کے ضلع درگ میں بہلائی اِسٹیل پلانٹ میں 2 ڈپٹی جنرل مینیجر کے بشمول 5 افراد اُس وقت ہلاک ہوگئے جب یہاں سے مشتبہ زہریلی گیاس کا اخراج ہوا۔ اس میں دیگر 30 افراد بھی علیل ہوگئے ہیں۔ پلانٹ کے ذمہ داروں کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ گیاس کا اخراج تقریباً شام 6:30 بجے ہوا۔ پانی کا پائپ پھٹنے کے باعث دھماکے سے گیاس کا اخراج ہونے لگا۔ اس پلانٹ کے قریب کام کرنے والے افراد تیزی سے متاثر ہونے لگے۔ درگ رینج کے انسپکٹر جنرل پولیس پردیپ گپتا نے کہا کہ زہریلی گیاس کی وجہ سے دو ڈپٹی جنرل مینیجروں کے بشمول 5 افراد ہلاک ہوگئے اور دیگر 30 افراد زخمی بتائے گئے ہیں۔ متاثرہ افراد میں سی آئی ایس ایف کے عملے کے ارکان، مزدور اور پبلک سیکٹر پلانٹ کے عہدیدار بھی شامل ہیں۔ تمام متاثرین کو بہلائی میں جواہر لال نہرو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ جن افراد کی حالت تشویشناک ہے، انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ پلانٹ مینجمنٹ نے تمام امکانی نگہداشت و علاج فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ زہریلی گیاس کے اخراج کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کی جائے گی۔ چیف منسٹر رمن سنگھ نے اس واقعہ پر اپنے دُکھ کا اظہار کیا۔