مسروقہ زیورات ضبط، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ یکم / اگست (سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے بالآخر عوام کو خوفزدہ کرنے والی بدنام زمانہ سارقین کی ٹولی چڈی گینگ کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور ان کے قبضے سے مسروقہ اشیاء برآمد کرلئے گئے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھاگوت نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چڈی گینگ نے عوام کے دلوں میں دہشت کا ماحول پیدا کردیا تھا جس کے نتیجہ میں جاریہ سال جنوری میں اس ٹولی کی گرفتار ی کیلئے ایک خصوصی پولیس ٹیم قائم کی گئی تھی اور عصری ٹکنالوجی کی مدد سے خطرناک ملزمین کی نشاندہی ممکن ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ رچہ کنڈہ اور سائبر آباد کے مضافاتی علاقوں میں چڈی گینگ کی سرگرمیاں دیکھی گئی تھیں اور ان کی نقل و حرکت سی سی ٹی وی میں بھی قید کی گئی تھی ۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجیس کی مدد سے گزشتہ 6 ماہ میں مہاراشٹرا ، مدھیہ پردیش ، اترپردیش ، چھتیس گڑھ اور گجرات پہونچ کر چڈی گینگ کے ارکان کی نقل و حرکت کا پتہ لگایا اور انہیں گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ۔ مسٹر بھاگوت نے کہا کہ رچہ کنڈہ کے علاقے آدی بٹلہ آؤٹر رنگ روڈ کے قریب جھاڑیوں میں ہونے کی اطلاع پر پولیس کی ٹیم نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ کمشنر نے کہا کہ گرفتار چڈی گینگ کے ارکان کی شناخت کیشب بادھیا ، راوجی اور بھرت کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ مذکورہ گرفتار ارکان رچہ کنڈہ اور سائبرآباد میں 28 سے زائد سرقہ کی وارداتوں میں ملوث ہے اور پولیس نے ان کے قبضے سے 100 گرام سونا ، ایک کیلو چاندی ، 3 ہزار نقد رقم جن کی مالیت 3.5 لاکھ بتائی جاتی ہے برآمد کرلی ۔