سرور نگر پولیس اسٹیشن پر احتجاج ، ایسm آئی کی احتجاجیوں کو ریوالور سے دھمکی
حیدرآباد /23 فروری ( سیاست نیوز ) چٹ فنڈ کے نام پر پولیس ملازم کی مبینہ دھوکہ دہی کا سنسنی خیز واقعہ آج منظر عام پر آیا ۔ جہاں ایک ہیڈ کانسٹیبل پر کروڑہا روپئے دھوکہ دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے متاثرین نے سرورنگر پولیس اسٹیشن پر احتجاج کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ چٹھی اٹھانے کے بعد یہ شخص رقم کی ادائیگی میں ٹال مٹول کر رہا تھا اور اکثر عوام اس پر اس کے پیشہ کی بناء بھروسہ کرتے تھے جو بالآخر تاریخ پر تاریخ دیکھ کر پولیس اسٹیشن رجوع ہوئے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ایک دھوکہ باز پولیس ملازم کے خلاف شکایت حاصل کرنے سے سرور نگر پولیس ٹال مٹول کر رہی ہے اور ایک سب انسپکٹر پر الزام ہے کہ اس نے متاثرین کو اپنی سرویس ریوالور دکھا کر دھمکایا ۔ تاہم اس بات کی تصدیق کیلئے انسپکٹر سے رابطہ کرنے پر ربط قائم نہ ہوسکا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سرور نگر گرین پارک کالونی علاقہ کا ساکن وینکٹ راؤ جو پیشہ سے پولیس ملازم ہے اور عابڈس پولیس اسٹیشن میں بحیثیت ہیڈ کانسٹیبل خدمات انجام دے رہا ہے ۔ اس کانسٹیبل پر بھروسہ کرنے والے افراد سے دھوکہ دہی اور چٹھی کے نام پر کروڑہا روپئے غبن کرنے کا الزام ہے ۔ ہیڈ کانسٹیبل سرور نگر علاقہ میں ارون چٹ فنڈ کے نام سے کاروبار چلا رہا تھا اور چٹھی کے نام پر اس سے سینکڑوں افراد جڑ گئے تھے ۔ سب اس کے پیشہ سے اس پر اندھا بھروسہ کر رہے تھے ۔ تاہم چٹھی اٹھانے کے بعد رقم واپس کرنے میں یہ ٹال مٹول کر رہا تھا اور آج کل کی پالیسی اپناتے ہوئے تاریخ پر تاریخ دئے جارہا تھا ۔ جس سے تنگ آکر عوام نے پولیس اسٹیشن کا رخ کیا اور پولیس کے غیر منصفانہ رویہ پر اعلی پولیس عہدیداروں سے درخواست کی کہ وہ انصاف کریں ۔