چٹ فنڈ کے نام پر عوام کو دھوکہ ،میاں بیوی گرفتار

حیدرآباد۔/20 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن(سی سی ایس ) پولیس نے ریشب چٹ فنڈ پرائیویٹ لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر سیلیش کمار گجر اور اس کی بیوی نندنی گجر کودھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس سی سی ایس مسٹر جی جوگیا نے بتایا کہ سری ریشب چٹ فنڈ انڈیا پرائیویٹ لمیٹیڈ کو سال 2009 میں سیلیش کمار اور اس کی بیوی نے قائم کیا تھا اور سینکڑوں افراد سے چٹ فنڈ کے کاروبار کے نام پر رقومات وصول کئے تھے لیکن مقررہ مدت کے بعد منافع لوٹانے سے قاصر رہے اور عوام کی جانب سے جمع کی گئی رقم کا بیجا استعمال کرتے ہوئے اسے جوے خانہ اور دیگر کاروبار میں منتقل کردیا۔ اس سلسلہ میں شاہ گنج کے ساکن ایم سنتوش نے ریشب چٹ فنڈ کے خلاف دھوکہ دہی کی ایک شکایت درج کروائی تھی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دھوکہ دہی اور اعتماد شکنی کے علاوہ تلنگانہ اسٹیٹ ڈپازیٹرس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے مذکورہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ 500 افراد سے 60 کروڑ تک رقومات وصول کئے اور انہیں واپس لوٹانے میں ناکام رہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔