چٹ فنڈ کے نام پر دو کروڑ سے زائد کا تغلب

کریم نگر ۔ /11 مارچ ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر جیوتی نگر سورنا میورا چٹ فنڈ پرائیویٹ لمیٹیڈ میں 30ارکان کو ادا کی جانے والی 2کروڑ سے زائد رقم انہیں ادا نہ کرتے ہوئے ذاتی استعمال میں لاکر دھوکہ دینے والے گوگیلا لکشما چاری اور اس کی اہلیہ گوگیلا کروناکر کو کریم نگر ٹو ٹاؤن پولیس نے گرفتار کرکے ریمانڈ کردیا۔ سی آئی کے ہری پرساد نے یہ اطلاع دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لکشما چاری 2011سے چٹ فنڈ چلارہا تھا، تین لاکھ اور پانچ لاکھ کے جملہ پانچ چٹ چلارہا تھا اس کے 30ممبرس کی چٹ کی میعاد پوری ہوچکی تھی جنہیں 2کروڑ تک رقم ادا کی جاتی تھی۔ اسی طرح سونے کے زیورات تیار کرکے دینے کا وعدہ کرکے کچھ مقامی رشتہ داروں سے سونا بھی حاصل کرلیا تھا لیکن انہیں دھوکہ دے دیا۔ اس سلسلہ میں گزشتہ 25نومبر کو ویرا برہما نامی شخص نے شکایت درج کروائی تھی چنانچہ پولیس لکشما ریڈی کی تلاش میں تھی اور بروز منگل اس کے رہائشی مکان سے گرفتارکرلیا گیا۔ چٹ فنڈ چلانے کے لئے لکشما چاری کے ملکا پور میں 726گز کا پلاٹ ایک اور 484گز کا پلاٹ، 347گز کا پلاٹ 605 گز کا پلاٹ اور ایک 7گنٹے زمین کے تعلق سے کریم نگر رجسٹرار آفس میں رہن ہے ۔ جیوتی نگر میں 60گز کے رہائشی مکان کے دستاویزات، ملکا پور میں ایک اور بے نامی زمین کے دستاویزات کو پولیس نے حاصل کرلیا ہے۔ متذکرہ زمین، گھر جائیداد کی خرید و فروخت نہ کرنے کیلئے رجسٹریشن دفتر میں تحریری طور پر درخواست دے دی گئی ہے۔ فی الحال 30متاثرین نے اس سلسلہ میں شکایت کی ہے۔ مزید 20افراد بھی اس کی دھوکہ دہی کا شکار ہونے کی اطلاع ہے۔ گوگیلا لکشما چاری کے تعلق سے سابق میں جگتیال میں بھی اس طرح کا چٹ چلاکر قرض لیکر دھوکہ دینے کا پتہ چلا ہے۔ لکشما چاری چار ماہ قبل دیوالیہ ہوجانے کے تعلق سے عدالت میں درخواست دے کر آئی پی نوٹس کیلئے کوشش کررہا تھا۔ اس دوران کچھ دھوکہ دہی کے شکار ممبرس کو اس کی خبر ملنے پر لکشما چاری دیوالیہ کی درخواست رد کردینے کیلئے جوابی کارروائی کرتے ہوئے درخواست دی۔ ضبط شدہ دستاویزات عدالت میں داخل کرکے عدالت کے حکم کے مطابق رقم تقسیم کی جائے گی۔