چٹ فنڈ اسکام پر اڑیسہ اسمبلی سے اپوزیشن کا واک آؤٹ

بھوبنیشور۔/25نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی نے آج یہ الزام عائد کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کردیا کہ کروڑہا روپئے کے چٹ فنڈ اسکام پر مباحث کیلئے اسپیکر نرنجن پجاری عمداً تاخیر کررہے ہیں۔ گوکہ ماقبل لنچ اجلاس میں ایک بل کی منظوری کے بعدنظم و ضبط بحال ہوگیا تھا۔ اپوزیشن لیڈر نرسنگا مصرا (کانگریس) نے کہا کہ چونکہ ایوان میں اپوزیشن کے جذبات کا احترام نہیں کیا جارہا ہے لہذا ہم بطور احتجاج واک آؤٹ کررہے ہیں جبکہ بی جے پی مقننہ پارٹی لیڈر بسنت پانڈہ کی قیادت میں پارٹی ارکان نے واک آؤٹ کردیا۔ حکمران بیجو جنتا دل کی رکاوٹوں کے باعث ایوان کی کارروائی 3بجے تک ملتوی کردی گئی تھی۔ سہ پہر کے بعد اسمبلی اجلاس شروع ہوتے ہی نرسنگا مصرا نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر نوین پٹنائیک ایوان میں چٹ فنڈ اسکام پر مباحث کے خوف سے راہ فرار اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تمام جماعتوں بشمول بی جے پی نے چٹ فنڈ اسکام پر بحث کیلئے آمادگی ظاہر کی ہے لیکن اسپیکر بزنس اڈوائزری کمیٹی اجلاس میں آمادگی کے باوجود بحث کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔