ممبئی 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر نارائنا رانے نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اے آئی سی سی صدر سونیا گاندھی سے درخواست کی جائے گی کہ موصوف ان کے (رانے ) بحیثیت انڈسٹریز منسٹر استعفی دینے کے معاملہ پر تعطل کو ختم کرنے مداخلت کریں۔ وزیر اعلی پرتھوی راج چوہان سے ملاقات کے پس منظر میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسٹر چوہان سونیا گاندھی سے اندرون ایک یا دو دن ملاقات کا وقت طئے کریں گے جہاں وزیر اعلی صدر ایم پی سی سی مانک راو ٹھاکرے کے ہمراہ سونیا گاندھی سے اس موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر چوہان نے ان سے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کی تھی اور کہا تھا کہ پارٹی کو میری ضرورت ہے لیکن میں نے یہ کہہ کر بات ٹال دی کہ میں نے اپنے استعفیٰ نامہ میں جس موضوع کومسئلہ بناکر پیش کیاہے ،پہلے اس کی یکسوئی کی جائے ۔