نئی دہلی، 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس صدر راہل گاندھی نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے سینئر افسر کے حکومت پر لگائے گئے الزامات کے سلسلے میں آج وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جانچ ایجنسی میں جو کچھ ہو رہا ہے اس سے لوگوں کے بھروسے کو ٹھیس پہنچ رہی ہے ۔راہول نے ٹویٹ کیاکہ ’’دہلی میں ’چوکیدار ہی چور‘نامی ایک کرائم تھرلر چل رہا ہے ۔ نئے ایپی سوڈ میں سی بی آئی کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے ایک وزیر، قومی سلامتی کے مشیر، قانون سیکرٹری اور کابینہ سیکرٹری کے خلاف سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔ وہیں گجرات سے لایا گیا اس کا ساتھی کروڑوں کی وصولی کر رہا ہے ‘‘۔صدر کانگریس نے جو آج صبح چمپائی میں انتخابی ریلی سے خطاب کررہے تھے، میزو نیشنل فرنٹ (ایم این ایف) ریاستی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی سے مفاہمت پر بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔