چوٹ کے بعد واپسی آسان نہیں ہوتی:سائنا

نئی دہلی، 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گھٹنے کی سرجری کے بعد اپنی پوری فٹنس میں لوٹنے کی کوشش کر رہی سابق نمبر ایک بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے کہا ہے کہ چوٹ کے بعد واپسی قطعی آسان نہیں ہوتی ہے ۔ سائنا نے پیر کو یہاں انڈین اوپن کے اعلان پر کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ سرجری کے بعد واپسی اتنی مشکل ہوگی۔میری ریو اولمپکس کے بعد گھٹنے کی سرجری ہوئی اور اب میں اپنا تیسرا ٹورنامنٹ کھیلنے جا رہی ہوں۔سرجری سے پہلے مجھے نہیں لگتا تھا کہ اتنی مشکلیں سامنے آئیں گی۔ لیکن اس کے بعد جا کر محسوس ہوا کہ واپسی کتنی مشکل ہوتی ہے ۔ دنیا کی نویں نمبر کی کھلاڑی سائنا نے کہا کہ جسمانی اور ذہنی طور پر آپ کو مضبوط رہنے کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ دل اور دماغ میں کہیں نہ کہیں لگا رہتا ہے کہ گھٹنے کی چوٹ کہیں واپس نہ آ جائے ۔میں پوری کوشش کر رہی ہوں کہ اپنی پوری فٹنس میں لوٹ آؤں۔لیکن اس میں وقت لگے گا۔میں میچ در میچ آگے بڑھوں گی اور دیکھوں گی کہ صحت یابی میں کتنا وقت لگے گا۔آپ اچانک ہی بہت زیادہ بوجھ اپنے گھٹنے پر نہیں ڈال سکتے ہیں۔ انڈیا اوپن کے لئے اپنے امکانات پر سال 2015 کی چمپئن سائنا نے کہا کہ دہلی میرے لئے کافی خوش قسمت رہا ہے جہاں میں نے 2010 دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈ اور 2015 میں انڈین اوپن کا خطاب جیتا تھا۔چوٹ سے واپسی کے بعد میں اپنے گھریلو انڈین اوپن میں امید کروں گی کہ مجھے ناظرین کی مکمل حمایت ملے اور میں پھر ویسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ کر پاؤں جو میں نے 2015 میں کی تھی۔ یہ پوچھنے پر کہ ان پر اب زیادہ توجہ نہیں دی جاتی اس سے کیا ان پر دباؤ کم ہوا ہے سائنا نے کہا کہ ایک طرح سے یہ اچھی بات ہے ۔اگر آپ پر زیادہ توجہ نہیں دی جاتی تو امیدیں کم رہتی ہیں اور دباؤ بھی کم ہوتا ہے ۔اس سے مجھے اپنا بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں مدد ملے گی۔ میں امید کرتی ہوں کہ انڈیا اوپن میں اچھی کارکردگی کروں۔