چندرپال کی نصف سنچری، ویسٹ انڈیز کو 427 رنز کی سبقت

سینٹ لوشیا۔ 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے سینئر بیٹسمین شیونارائن چندرپال کا بنگلہ دیش کے خلاف انتہائی شاندار بیٹنگ کی کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے جیسا کہ انہوں نے یہاں مہمان ٹیم کے خلاف دوسرے اور آخری ٹسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر ناقابل تسخیر 63 رنز اسکور کرنے کے علاوہ ٹیم کے مجموعی اسکور 208/4 تک پہنچایا ہے۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کو مقابلہ میں مجموعی طور پر 427 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ گذشتہ روز جب بنگلہ دیش کی ٹیم فالوآن سے پہلے ہی آوٹ ہوگئی تو میزبان کپتان دنیش رام دین نے حریف ٹیم کو فالوآن نہیں دیا بلکہ 219 رنز کی سبقت کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کردیا کیونکہ بنگلہ دیش صبح کے سیشن میں 161 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ چندرپال جوکہ بین الاقوامی کیریئر میں 21 سال میں داخل ہوچکے ہیں، لیکن انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ہنوز کسی بولر نے آوٹ نہیں کیا ہے۔ اس طرح وہ صرف ایک مرتبہ آوٹ ہوتے ہوئے 645 رنز اسکور کرچکے ہیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف گذشتہ 7 مقابلوں میں وہ صرف ایک مرتبہ آوٹ ہوئے ہیں اور یہ 2012ء کی سیریز تھی۔ چندرپال نے اپنے کیریئر میں 66 ویں ہاف سنچری اسکور کرلی ہے جبکہ گذشتہ 2 اننگز کے دوران انہوں نے 85 اور 84 رنز اسکور کئے ہیں۔ 40 سالہ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو اپنے کیریئر کی 30 ویں سنچری اسکور کرنے کیلئے صرف 37 رنز درکار ہیں۔