کنگسٹن۔29 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے سنیئر بیٹسمین شیو نرائن چندر پال کو آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں نظر انداز کرنے کے بعد ایک نئی بحث شروی ہوگئی ہے۔ سابق بیٹسمین برائن لارا نے انہیں سیریز میں حصہ لینے کا موقع دینے کی حمایت کی ہے ۔ ویسٹ انڈین پلیئرز ایسوسی ایشن کے سابق صدر دینا ناتھ رام نرائن بھی تجربہ کار بیٹسمین کوخارج کرنے پرتنقید کی ہے ۔تاہم سابق فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ نے چیف سلیکٹر کلائیو لائیڈکے فیصلے کودرست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چندر پال ٹیم میں منتخب ہونے کی اہلیت کھو بیٹھے ہیں جبکہ لارنے کہا کہ چندر پال کویہ حق حاصل ہے کہ انہیں درست طریقے سے الوداع کہا جائے جس طرح بی سی سی آئی نے سچن ٹنڈولکر کیلئے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چندر پال کی کھیل کیلئے کافی خدمات ہیں لہٰذا وہ باعزت انداز میں جنٹل مین گیم سے رخصت ہونے کے حق دار ہیں۔ سچن کو شایان شان انداز میں رخصت کرنے کیلئے ان کے آبائی شہر میں ٹسٹ کروایا گیا جس کیلئے ویسٹ انڈیز کے خلاف خصوصی ٹسٹ سیریز رکھی گئی۔ اس موقع پر مائیکل ہولڈنگ نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے ہیںکہ کرکٹرز کو سیریز کی قربانی دیتے ہوئے کھیلنے کا موقع دینا چاہئے۔ چندر پال حالیہ عرصے میں خود کو میدان پر ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔