قاضی پیٹ ۔/3جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو کی ہمیشہ دولت کی سیاسی چال سے اپنے ارکان اسمبلی کو انگلی پر نچانے کی فطرت ہے۔ سیاسی میدان میں رشتے ناتوں کا کوئی مول نہیں ہوتا ہے۔وقت آنے پر اپنے سسر کا بھی اپنے مفاد کیلئے استعمال کرتے ہوئے گدی سنبھالتے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو بہت جلد چنچل گوڑہ یا چرلہ پلی جیل میں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ، ورنگل کے ایک روزہ دورہ کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو روز قبل تلگودیشم پارٹی کی جانب سے رکن قانون ساز کونسل کے امیدوار کو کامیاب بنانے کیلئے بطور 50لاکھ روپئے نقد اسٹیفن کو دیتے ہوئے ریونت ریڈی اے سی بی کے عہدیداروں کو رنگے ہاتھ پکڑے گئے۔ ان کے قبضہ سے 50لاکھ روپئے بالخصوص دو موبائیل فون کے علاوہ دیگر اشیاء اے سی بی کے عہدیداروں نے ضبط کرلیا۔ ریونت ریڈی کے موبائیل فون ریکارڈ سے اے سی بی کو اہم سراغ دستیاب ہوئے۔ چندرا بابو نائیڈو کے کال ریکارڈ اور ڈائیل کالس کو بھی مہر بند کردیا گیا اور بہت جلد ان کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے گا۔ این نرسمہا ریڈی وزیر داخلہ کی حیثیت سے جائزہ لینے کے بعد پہلی مرتبہ ضلع ورنگل ایک روزہ دورہ کرنے پر رینج ڈی آئی جی ملا ریڈی، ضلع ایس پی امبر کشورجھا کے علاوہ دیگر پولیس عہدیداروں نے استقبال کیا۔