چندرائن گٹہ اور فلک نما میں پولیس کی مشن چبوترہ مہم

100 سے زائد نوجوان گرفتار ، پولیس کی کونسلنگ سے نوجوانوں کی ذہن سازی
حیدرآباد ۔ /20 جولائی (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے علاقے چندرائن گٹہ اور فلک نما میں کل رات دیر گئے مشن چبوترہ آپریشن کے تحت 100 سے زائد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر غوث محی الدین کی زیرنگرانی اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما سید فیاض نے علاقہ چندرائن گٹہ اور فلک نما میں بیک وقت مشن چبوترہ کی کارروائی انجام دیتے ہوئے رات کے اوقات سڑکوں پر آوارہ گردی کرنے والے نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ۔ پولیس نے ان نوجوانوں کو نشانہ بنایا جو رات کے اوقات سڑکوں پر اپنا وقت ضائع کرتے ہوئے گھومتے ہوئے پائے گئے ۔ حراست میں لئے گئے نوجوانوں کو فلک نما پولیس اسٹیشن منتقل کیا جہاں پر ایڈیشنل ڈی سی پی مسٹر غوث محی الدین نے کونسلنگ کی جس میں نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے مستقبل کو تاریکی میں نہ ڈالیں اور اپنا قیمتی وقت سڑکوں پر ضائع نہ کریں ۔ انہوں نے کونسلنگ میں نوجوانوں کو مشور ہ دیا کہ وہ اپنی تعلیم اور کام پر توجہ دے کر اپنے مستقبل کو روشن بنائیں ۔