زیورات اور قیمتی اشیاء غائب، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد۔/21ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چندا نگر پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے سرقہ کی سنگین واردات میں سارقین نے قفل شکنی کے ذریعہ طلائی زیورات اور دیگر اشیاء کا سرقہ کرلیا۔ پولیس کے بموجب مسٹر راجا منی جو اکاؤنٹنٹ ہے اپنی بیوی دیپا اور دیگر ارکان خاندان کے ہمراہ کل رات ٹینک بنڈ کی سیر کیلئے گئے ہوئے تھے اور رات میں ان کے رشتہ داروں کے مکان میں قیام کیا تھا۔ آج صبح مکان واپس لوٹنے پر دروازہ کا قفل ٹوٹا ہوا پایا اور بعد ازاں مکان میں داخل ہونے پر طلائی زیورات و دیگر اشیاء غائب تھیں۔ راجا منی نے چندا نگر پولیس کو اس سلسلہ میں شکایت درج کروائی۔ پولیس کی ایک ٹیم اور سراغ رساں دستہ نے مقام واردات کا معائنہ کیا اور الماری اور قفل سے بعض مشتبہ افراد کی انگلیوں کے نشانات کے نمونے حاصل کئے۔