کراچی ، 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف ٹسٹ کے بعد ونڈے سیریز بھی جیتنے میں کامیاب رہی اور یہ 2006 ء کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے سری لنکا کی سرزمین پر ٹسٹ کے ساتھ ساتھ ونڈے سیریز بھی جیتی ہے۔ یہ وقار یونس کی کوچ کی حیثیت سے ان کی موجودہ مدت میں وطن سے باہر پہلی سیریز جیت بھی ہے لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سیریز کی جیت نے چمپینس ٹروفی میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کے امکانات مزید بڑھا دیئے ہیں۔ مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ٹسٹ سیریز جیت کر ونڈے ٹیم کیلئے ماحول بنا کر گئی تھی اور اظہر علی اور ان کے کھلاڑی اس ردھم کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ پاکستانی ٹیم کے نقطہ نظر سے خوش آئند بات اس کے نوجوان کھلاڑیوں کی عمدہ فیلڈنگ رہی۔ گزشتہ روز کولمبو کے ڈے؍ نائٹ میچ میں انجیلو میتھیوز اس دورے میں پہلی بار ٹاس جیتنے میں کامیاب ہوئے لیکن میزبانوں کی اننگز کا اختتام 256/9 پر ہوا۔
پاکستان کی جوابی اننگز پُراعتماد انداز میں شروع ہوئی۔ کپتان اظہرعلی ابتدا ہی سے جارحانہ موڈ میں نظرآئے اور احمد شہزاد نے بھی نظر جمنے کے بعد بولرز پر خوب غصہ اتارا۔ ان دونوں کی 75 رنز کی شراکت کے نتیجے میں ہدف تک پہنچنا آسان ہوگیا۔ اظہر ( 33 ) آؤٹ ہونے کے بعد شہزاد اور محمد حفیظ کی 115 رنز کی شراکت پاکستانی ٹیم کو جیت کی جانب لے گئی۔ ’مین آف دی میچ‘ شہزاد کوشل پریرا کے خوبصورت کیچ کی وجہ سے صرف پانچ رنز کی کمی سے اپنی ساتویں سنچری مکمل نہ کر سکے۔ حفیظ نے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 70 رنز بنا ڈالے۔ وہ جب آؤٹ ہوئے تو پاکستانی ٹیم جیت سے صرف 44 رنز کی دوری پر تھی۔ شعیب ملک (29*) اور سرفراز احمد (17*) نے پاکستان کو جب 7 وکٹ سے میچ جتوایا تو 55 گیندیں باقی تھیں۔ شعیب نے چار چھکے لگا کر جشن کی ایک اور ڈانس پارٹی کا سبب فراہم کر دیا۔