لندن ، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یوئیفا چمپینس لیگ میں چیلسی اورریال میڈرڈ نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ چیلسی اورپیرس سینٹ جرمین کے درمیان سنسنی خیز آغاز ہوا جبکہ آندریشرلے نے چیلسی کوسبقت دلائی۔ میچ کے اختتامی لمحات میں ڈیمبابا نے چیلسی کا دوسرا گول کردیا۔ فرسٹ لیگ میں فرنچ ٹیم 3-1 سے جیتی تھی، یوں مجموعی اسکور 3-3 رہا، البتہ ’اَوے گولز‘ کی بنیاد پر چیلسی کو سیمی فائنل میں داخلہ ملا۔ ایک اور کوارٹر فائنل کے سکنڈ لیگ میں بورشیا ڈورٹمنڈ نے ریال میڈرڈ کو 2-0 سے ہرادیا، لیکن یہ جیت جرمن ٹیم کے کام نہ آئی۔ میڈرڈ نے فرسٹ لیگ 3-0 سے جیتا تھا، اس لئے اسپینی ٹیم 3-2کے مجموعی اسکورکے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔
سنگاپور اوپن میں پرانیت ، پرانوئے، تولاسی کی پیشرفت
سنگاپور ، 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی شٹلرس بی سائی پرانیت، ایچ ایس پرانوئے اور پی سی تولاسی 300,000 امریکی ڈالر والی سنگاپور سوپر سیریز کے سکنڈ راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں جیسا کہ آج یہاں مین ڈرا کے افتتاحی روز ان کھلاڑیوں نے مختلف انداز میں فتوحات درج کرائے۔ قبل ازیں ہندوستان کی مکسڈ ڈبلز جوڑی جوالا گٹا اور جیشنو سانیال کوالیفائرس میں کل ہانگ کانگ کے حریفوں کے مقابل 14-21، 18-21 سے ناکام ہوگئی تھی۔