چمپینس لیگ سیمی فائنلس

حیدرآباد ۔ یکم اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) چمپینس لیگ ٹوئنی 20 ٹورنمنٹ 2014 ء کے سیمی فائنلس مقابلے کل یہاں راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ہیں، جیسا کہ کنگس الیون پنجاب کا ناقابل تسخیر موقف کے ساتھ مہیندر سنگھ دھونی کی زیر قیادت چینائی سوپر کنگس سے مقابلہ ہوگا۔ چینائی سوپر کنگس جس نے جدوجہد اور دیگر ٹیموں کے نتائج کے بعد سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ پنجاب کی طاقت اس کا بیاٹنگ شعبہ ہے جس کی قیادت جارج بیلی کر رہے ہیں جبکہ ویریندر سہواگ ٹیم کو بہترین شروعات فراہم کرسکتے ہیں، جن کے ساتھ ڈیوڈ ملر ، منن ووہرا، وریدھمان ساہا اور آل راؤنڈر تھیسارا پریرا ٹیم کو طاقتور بناتے ہیں۔ بولنگ شعبہ میں پرویندر آوانا، پریرا، کرن ویر سنگھ اور اکشر پاٹل نے تاحال بہتر مظاہرے کئے ہیں۔ دوسری جانب چینائی کی ٹیم بھی بیٹنگ کے شعبہ میں مضبوط ٹیم تصور کی جاتی ہے جس کی قیادت مہیندر سنگھ دھونی کر رہے ہیں جنہیں سریش رائنا ، ڈیون براوؤ اور برینڈن مکالم کی خدمات دستیاب ہیں۔ بولنگ شعبہ میں روی چندرن اشون ، رویندر جڈیجہ ، آشش نہرا اور موہت شرما کے ہمراہ براوؤ موجود ہیں۔ ایک اور سیمی فائنل مقابلہ ناقابل تسخیر کولکتہ نائیٹ رائیڈرس اور آسٹریلیا کی ٹیم ہوبارٹ ہوری کینس کے درمیان ہوگا جہاں کے کے آر کو متواتر 13 مقابلوں میں ناقابل تسخیر موقف رکھنے پر پسندیدہ ٹیم تصور کیا جارہا ہے۔ کپتان گوتم گمبھیر ، سنیل نارائن، رابن اوتھپا، منیش پانڈے ، جیک کیلس ، یوسف پٹھان، ریان ٹین دوشتے اور اینڈریو رسل مضبوط بناتے ہیں۔