حیدرآباد۔/9جون، ( سیاست نیوز) چمپا پیٹ علاقہ میں کل رات دیر گئے آئی ڈی ایل کمپنی کی بس کی ٹکر سے 5افراد زخمی ہونے کے بعد حالات معمولی طور پر کشیدہ ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ حادثہ روز گارڈن فنکشن ہال کے قریب پیش آیا جس میں 20سالہ سید اسلم، 14سالہ نیہا سلطانہ، 9سالہ واجد اور محمد واحد آٹو ڈرائیور اور اس کا ساتھی سلمان زخمی ہوگئے۔ شادی خانہ میں موجود افراد حادثہ کی اطلاع پر باہر نکل آئے اور بس پر مبینہ طور پر سنگباری کی۔ اس واقعہ کے دوران سنتوش نگر پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر کے سدھاکر جو نائیٹ ڈیوٹی پر تھے انہیں برہم عوام نے زدوکوب کیا جس کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے۔ پولیس نے احتجاجی افراد کو منتشر کیا اور بعد ازاں سعید آباد پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا۔