ممبئی 23 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) چمپئنس لیگ 2014 ء میں شرکت کررہی تمام 12 ٹیموں نے اپنے قطعی 15 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے اور مختلف ممالک کی ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں نے واضح طور پر آئی پی ایل میں اپنی متعلقہ ٹیم کی نمائندگی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جیسا کہ ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر کیرن پولارڈ ، جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈرس ڈیوڈ ملرس اور جیک کیلس نے اپنے ملک کی ٹیم کی بجائے آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینس کی نمائندگی کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر کورے اینڈرسن اور ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین ڈیون اسمتھ نے بھی بالترتیب اپنی آئی پی ایل ٹیم ممبئی انڈینس اور چینائی سوپر کنگس کو ترجیح دی ہے۔ حالانکہ یہ کھلاڑی اپنے ملک کی ٹیمیں نارتھن نائٹس اور بارباڈوز ٹریڈنٹس کی نمائندگی کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان جارج بیلی نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ آئی پی ایل کی ٹیم کنگس الیون پنجاب کی قیادت کریں گے۔ کھلاڑیوں کو انتظامیہ کی جانب سے یہ ہدایت دی گئی تھی کہ وہ ٹورنمنٹس کے آغاز سے قبل جس ٹیم کی نمائندگی کرنے کے خواہاں ہیں،
واضح کریں۔ لہذا گزشتہ برس کے برعکس اِس مرتبہ بیرونی کھلاڑیوں نے آئی پی ایل کی متعلقہ ٹیموں کی نمائندگی کی وضاحت کردی ہے۔ چونکہ گزشتہ برس ایک کھلاڑی کے نام ایک سے زائد ٹیموں کے اسکواڈ میں موجود تھا۔ واضح رہے کہ چمپئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ 2014 ء کا 13 سپٹمبر کو آغاز ہورہا ہے اور یہ ہندوستان کے مختلف شہروں میں 4 اکٹوبر تک کھیلا جائے گا۔ 12 ٹیموں کو دو گروپس اے اور بی میں منقسم کردیا گیا ہے۔ گروپ اے میں ہندوستان سے کولکتہ نائیٹ رائیڈرس اور چینائی سوپر کنگس کے ہمراہ جنوبی افریقی ٹیم ڈالفنس، آسٹریلیا کی ٹیم پرتھ اسکورچرس اور کوالیفائنگ ٹورنمنٹ سے یہاں پہونچنے والی ٹیم ہوگی۔ گروپ اے میں ہندوستان سے کنگس الیون پنجاب، ویسٹ انڈیز سے بارباڈوز ٹریڈنٹ، آسٹریلیا سے ہوبارٹ ہوریکینس، جنوبی افریقہ سے کیپ کوبراس اور کوالیفائنگ ٹورنمنٹ سے رسائی حاصل کرنے والی ایک ٹیم موجود ہے۔