ڈالفنس کو آج کولکتہ کے خلاف سخت آزمائش کا سامنا
حیدرآباد 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اوپو چمپئنس لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ میں کل ایک اہم مقابلہ میں مسائل کا شکار ڈالفنس کا طاقتور کولکتہ نائیٹ رائیڈرس سے سامنا ہوگا ۔ یہ مقابلہ حیدرآباد میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا ۔ ڈالفنس پہلے ہی اس ٹورنمنٹ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے ۔ اسے اب تک ٹورنمنٹ کے اپنے تینوں ہی مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ کل بنگلور میں ہوئے میچ میں لاہور لائینس نے انہیں آخری شکست دی تھی ۔ اس کے برخلاف آئی پی ایل ٹی 20 ٹورنمنٹ کی دفاعی چمپئن کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کی بہترین کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس نے اپنے آخری تمام 12 میچس میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ڈالفنس کے کوچ لانس کلوسنر نے یہ قبول کیا کہ ان کی ٹیم کھیل کے تقریبا تمام شعبوں میں خاطر خواہ مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان کے کھلاڑی اس ٹورنمنٹ میں ایک ٹیم کی حیثیت سے کارکردگی دکھانے میں بھی کامیاب نہیں رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی ٹیم ڈالفنس استقلال سے مظاہرہ نہیں کرسکی ہے حالانکہ اس کے کھلاڑی رابرٹ فری لنک نے اچھا مظاہرہ کیا ہے۔ فری لنک نے لاہور لائینس کے خلاف 27 گیندوں میں چار چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 63 رنز اسکور کئے تھے ۔ اس کے علاوہ پرست اسکارچرس کے خلاف کے زونڈو نے بھی 63 رنوں کی اچھی اننگز کھیلی تھی ۔ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کی ٹیم فی الحال بہترین فارم میں ہے اور اس کے کھلاڑی کپتان گوتم گمبھیر ‘ رابن اتھپا ‘ یوسف پٹھان ‘ ریان ٹن ڈسچیٹ ‘ آندرے رسل اور نوجوان سوریہ کمار یادو بہترین فارم میں دکھائی دے رہے ہیں۔ جیک کالس کی میدان پر واپسی سے بھی ا نکی بیٹنگ لائین اپ مزید مستحکم ہوگئی ہے ۔ بولنگ میں بھی کولکتہ کا پلڑا بھاری ہے ۔ اسپنر سنیل نارائن مخالف بلے بازوں کیلئے پراسرار سمجھے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کلدیپ یادو اور پیوش چاؤلہ اچھی بولنگ کر ہرے ہیں۔ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس اب تک ٹورنمنٹ میں اپنے تمام میچس میں کامیابی حاصل کرچکی ہے اور اسے خطاب کی دعویدار ٹیم سمجھا جارہا ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ حالانکہ وہ بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے لیکن وہ ڈالفنس کے خلاف کسی طرح کی تن آسانی کا مظاہرہ نہیں کریگی ۔ ٹیمیں اس طرح ہونگی ۔
کولکتہ نائیٹ رائیڈرس : گوتم گمبھیر ( کپتان ) ‘ یوسف پٹھان ‘ رابن اتھپا ‘ پیوش چاؤلہ ‘ ونئے کمار ‘ اومیش یادو ‘ منیش پانڈے ‘ سوریہ کمار یادو ‘ کلدیپ یادو ‘ سنیل نارائن ‘ جیک کالس ‘ ریان ٹن ڈسچیٹ ‘ پیٹ کمنس ‘ آندرے رسل اور منویندر بسلہ ۔
ڈالفنس : مورنی وان وک ( کپتان ) ڈارین اسمٹ ‘ کوڈی چیٹی ‘ ڈارین ڈوپاولن ‘ واگھن وان جارسویلڈ ‘ کے زونڈو ‘ رابرٹ فری لنک ‘ کیلی اواٹ ‘ کریگ الیگزینڈر ‘ جوناتھن وانڈیار ‘ کیشو مہاراج ‘ پرنسیلن سبرائین ‘ کیمرون ڈیلپورٹ ‘ انڈائیل پھیلوکوایو اور سیبونیلو ماکھنیا ۔