نعشیں ملبہ سے نکالی گئیں‘ بلدیہ اور پولیس کی نگرانی میں ملبہ کی صفائی ‘سکندرآباد میں 70عمارتوں کی نشاندہی
حیدرآباد ۔ یکم اگسٹ ۔ ( سیاست نیوز) سکندرآباد کے علاقہ چلکل گوڑہ میں آج رات ایک بوسیدہ دو منزلہ عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں کم سے کم دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی جی ایچ ایم سی اور پولیس کے اعلیٰ عہدیدار وہاں پہونچ گئے اور ملبہ کی صفائی کے علاوہ راحت رسانی کے کام کی نگرانی کی ۔ تفصیلات کے مطابق دو منزلہ عمارت جو بوسیدہ ہوچکی تھی اور بارش کے نتیجہ میں رات تقریباً 10 بجکر 45 منٹ پر اچانک منہدم ہوگئی جس کے سبب وہاں موجود دو افراد اکبر اور واجد ہلاک ہوگئے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے کہا ہے کہ سکندرآباد میں تقریباً 70 بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنھیں منہدم کردیا جائے گا ۔ملبہ کی صفائی کے لئے تین فائر انجنس اور متعلقہ بلدی عملہ رات دیر تک مصروف رہا ۔ ڈی سی پی نارتھ زون شریمتی سومتی پولیس ٹیم کے ساتھ وہاں پہونچ گئیں اور حفاظتی انتظامات کی شخصی طورپر نگرانی کی ۔اس واقعہ کے بعد مقامی عوام میں تشویش پیدا ہوگئی ۔ اطلاع ملتے ہی کئی افراد جمع ہوگئے تھے ۔ بیان کیا جاتا ہے کہ اس رہائشی عمارت کے ایک حصہ میں چکن سنٹر بھی تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق انہدام کے وقت اس عمارت میں موجود افراد کی تعداد فوری طورپر واضح نہیں ہوسکتی ہے ۔ انسانی جانوں کے اتلاف سے بچانے کیلئے جنگی خطوط پر ملبہ کی صفائی کی جارہی ہے ۔