حیدرآباد۔ 21 مئی (سیاست نیوز) محکمہ جیل کے عہدیداروں نے آج چرلہ پلی میں اچانک معائنہ کرتے ہوئے جیل کے بعض بیارکس سے شراب ، بریانی اور دیگر غذائی اشیاء برآمد کرلیا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چرلہ پلی جیل حکام کی جانب سے بعض قیدیوں کو غیرقانونی سہولتیں فراہم کئے جانے کے الزامات پر محکمہ جیل کے سینئر عہدیداروں نے آج اچانک معائنہ کیا اور مدھلا چیرو سوری عرف سوریہ نارائن ریڈی کے قتل کیس کے کلیدی ملزم ملی شیٹی بھانو کرن کے بیارک سے بھی شراب کی بوتلیں اور بریانی برآمد کئے جانے کی اطلاع ہے۔ دیگر بیارکس میں بھی اسی قسم کی تلاشی لی گئی اور غذائی اشیاء برآمد کی گئیں۔