تین اسرائیلی زخمی ، فوجی پر حملہ آور فلسطینی ہلاک
یروشلم ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک فلسطینی نے چاقوزنی کے ذریعہ تل ابیب کے قریب تین اسرائیلیوں کو زخمی کردیا۔ بعدازاں پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔ یہ ایسے حملوں کے سلسلہ کا تازہ واقعہ ہے۔ 19 سالہ فلسطینی نے جو مقبوضہ مغربی کنارہ کے شہر ہیبرون کا متوطن ہے، دو افراد کو فٹ پاتھ پر اور تیسرے کو ملبوسات کے ایک اسٹور میں چاقوزنی کے ذریعہ زخمی کیا۔ طبی ذرائع کے بموجب دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ فوج نے حملہ آور کو گرفتار کرکے ایک دکان میں بند کردیا تھا۔ دریں اثناء مغربی کنارہ پر ایک نوجوان فلسطینی نے ایک اسرائیلی فوجی کو چاقو گھونپنے کی کوشش کی لیکن اس سے پہلے ہی اسرائیلی فوج نے اسے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے متوفی کی شناخت 16 سالہ احمد ابوالرعب کی حیثیت سے کی گئی جبکہ متوفی کے ایک دیگر فلسطینی ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسرائیل کی وزارت دفاع نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی نوجوان نے اسرائیل کے قریب ایک کراسنگ پر جو فلسطین کی جانب تھی، نوجوان لڑکے نے اسرائیلی فوجی پر قاتلانہ حملہ کیا جو جاریہ ہفتوں میں اسرائیلی فوجیوں پر قاتلانہ حملہ کا تیسرا واقعہ تھا۔ قبل ازیں یروشلم اور اس کے اطراف و اکناف میں یہ حملے کئے گئے تھے لیکن حالیہ دنوں میں یہ واقعات مغربی کنارہ پر ونما ہوئے۔