حیدرآباد۔8فبروری( سیاست نیوز) مغلپورہ پولیس نے چارمینار یونانی طبی ہاسپٹل کے واچ مین کو خاتون سے مبینہ دست درازی کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 32سالہ ارونا اپنے شوہر ستیہ نارائنا متوطن کاکیناڈا جو فالج کے حملے کا شکار ہوگیا تھا اور علاج کیلئے وہ چارمینار دواخانہ میں شریک ہوا ۔ ارونا اپنے شوہر کی تیمارداری کیلئے دواخانہ میں مقیم تھی ۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں خاتون کو مریض کے قریب محوخواب دیکھ کر دواخانہ کے واچ مین شیخ باسط نے مبینہ طور پر اس سے دست درازی کی ۔ اس واقعہ کے بعد ارونا نے چیخ و پکار شروع کردی اور اس کی مدد کیلئے اس وارڈ میں موجود افراد جمع ہوگئے اور وہاں ہلکی سے کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ مغلپورہ پولیس نے دواخانہ پہنچ کر ارونا کا بیان قلمبند کیا اور بعد ازاں اس کی شکایت حاصل کرنے کے بعد واچ مین شیخ باسط کو گرفتار کرلیا ۔ مغلپورہ پولیس نے بتایا کہ واچ مین کے خلاف نربھئے ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور کل عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔