چارمینار کے دامن میں 4 فبروری کو کل ہند مشاعرہ

راحت اندوری، گوہر کانپوری اور ماجد دیوبندی کی شرکت
حیدرآباد۔31 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کی دختر اور رکن پارلیمنٹ کویتا نے اردو زبان سے اپنی وابستگی اور زبان کے فروغ سے دلچسپی کے اظہار کے لیے مسلسل دوسری مرتبہ کل ہند مشاعرے کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ سال شاعر انقلاب مخدوم محی الدین کی یاد میں تاریخی چارمینار کے دامن میں یادگار مشاعرہ منعقد کیا گیا تھا۔ کویتا جو ٹی آر ایس کی سماجی اور تہذیبی سرگرمیوں سے متعلق تنظیم تلنگانہ جاگرتی کی صدر ہیں، جاریہ سال بھی 4 فبروری کو چارمینار کے دامن میں کل ہند مشاعرے کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے مشاورت اور تلنگانہ اردو اکیڈیمی سے اشتراک کے ذریعہ مشاعرہ منعقد ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ 4 فبروری کو بعد عشاء مشاعرہ کا آغاز ہوگا۔ عالمی شہرت یافتہ شعرائے کرام ڈاکٹر راحت اندوری، جوہر کانپوری، شبینہ ادیب، ماجد دیوبندی اور حامد بھنساولی نے شرکت کی توثیق کردی ہے۔ ان کے علاوہ نامور اور چنندہ مقامی اُستاد شعراء کلام سنائیں گے۔ مشاعرے کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے اور چارمینار کے دامن میں خصوصی طور پر اسٹیج سجایا جائے گا۔ عام طور پر چارمینار کے دامن میں پروگراموں کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جاتی لیکن اردو زبان اور حیدرآبادی تہذیب سے وابستہ اس پروگرام کی اجازت دی جائے گی۔ محمود علی نے کہا کہ کویتا اردو کی شیدائی ہیں اور وہ نامور شعراء کے کلام کو پسند کرتی ہیں۔ گزشتہ سال بھی انہوں نے ابتداء سے آخر تک موجود رہتے ہوئے شعراء کے کلام پر خوب داد دی تھی۔ پرانے شہر کے اس مرکزی مقام پر مشاعرے کے انعقاد کا مقصد اہلیان حیدرآباد کے ادبی ذوق کی تکمیل ہے۔ کے کویتا ایم پی مشاعرے کی صدارت کریں گی جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی مہمان خصوصی ہوں گے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور کو انتظامات کی ذمہ داری دی گئی ہے۔