نئی دہلی، 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور پارٹی کے جموں وکشمیر امور کے انچارج رام مادھو نے آج کہا کہ ریاست میں حریف نیشنل کانگریس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے مابین حکومت کی تشکیل کے لئے ‘اچانک پیدا ہوئی محبت’ سے شبہ ہوتا ہے ۔ مسٹر مادھو نے نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ کے دیئے گئے چیلنج پر کہا کہ وہ ان کی حب الوطنی پر شبہ نہیں کرتے ہیں لیکن نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے درمیان اچانک جو محبت پیدا ہوگئی ہے اور جس طرح سے دونوں جماعتوں نے حکومت کی تشکیل کے لئے جلدبازی کی ہے اس سے کئی طرح کے شبہات پیدا ہوتے ہیں اور اس پر سیاسی تبصرے بھی لازمی ہیں۔مسٹر مادھو نے کل الزام لگایا تھا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے ریاست میں مقامی بلدیاتی الیکشن کا بائیکاٹ ‘سرحد پار سے ملی ہدایات’ پر کیا۔نیشنل کانفرنس کے لیڈر نے اس الزام پر مسٹر مادھو کو چیلنج کیا کہ وہ یا تو اس الزام کوثابت کریں یا معافی مانگیں۔انہوں نے کہا کہ ‘‘ میں رام مادھو جی کو عائد الزام کو ثابت کرنے کا چیلنج دیتا ہوں۔ را، این آئی اے اور آئی بی آپ کے کنٹرول میں ہیں (سی بی آئی بھی آپ کا طوطہ ہے )۔ ہمت دکھائیں اور حقائق کو عوام کے سامنے لائیں۔ اس الزام کو ثابت کریں ورنہ اس کے لئے معافی مانگیں۔ بیان بازی اور بھاگنے کی سیاست نہ کریں۔