نئی دہلی ، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا ماسٹرز گرانڈ پری گولڈ میں اپنی خطابی فتح کے بل بوتے پر ہندوستان کی پی وی سندھو آج یہاں جاری کردہ تازہ بی ڈبلیو ایف درجہ بندی میں ایک مقام آگے بڑھ کر ٹاپ 10 سے بالکل قریب ہوگئی ہیں۔ سندھو جنھوں نے گزشتہ اتوار کو ملائیشیا ماسٹرز جیت کر نئے سیزن کی شاندار شروعات کی، اب ویمنس سنگلز رینکنگ میں 54,380 پوائنٹس کے ساتھ 11 ویں مقام پر ہیں۔ اس درجہ بندی میں سائنا نہوال کی دوسری پوزیشن ہے۔ مینس سنگلز میں کیدمبی سریکانت اور ایچ ایس پرانوے ترتیب وار عالمی نمبر 9 اور 20 پر برقرار ہیں لیکن پروپلی کشیپ نے ایک مقام کی بہتری کی جبکہ اجئے جے رام چار درجے گھٹ کر عالمی نمبر 25 مقام پر آگئے ہیں۔