کراچی۔10 فروری (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کاگورننگ بورڈتحلیل کردیا گیا ہے اوربورڈکے چیئرمین ذکااشرف کوعہدے سے بر طرف کردیاگیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بطور پیٹرن پی سی بی آئین میں ایک شق کی ترمیم کردی ہے۔پی سی بی کے معاملات کی انجام دہی کیلئے11 رکنی عبوری انتظامی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو ایڈہاک کمیٹی کے چیئرمین کاانتخاب کرے گی۔ شہریار خان، نجم سیٹھی، ظہیر عباس، نوید اکرم، شکیل شیخ، اقبال قاسم، یوسف کھوکھر، عامر طارق زمان شامل ہیں۔دریں اثناء ذکا ء اشرف نے کہا ہے کہ حکومت کے اس فیصلے سے میرے عہدے پر کوئی اثر نہیں پڑا، میں بدستور چیئرمین پی سی بی ہوں۔ ذکا اشرف کو اس فیصلے کی اطلاع مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کے دوران ملی۔ ذکاء اشرف نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
اس فیصلے پر اپنا باقاعدہ ردعمل کمیٹی کا ردعمل دیکھ کر دوں گا اور قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ مشاورت کے بعد کروں گا۔ علاوہ ازیں اس فیصلے سے آئی سی سی میں پی سی بی کا موقف مزید کمزور ہونے کا خدشہ ہے اور پاکستان مزید تنہائی کا شکار ہو سکتا ہے۔ذکا ء اشرف نے کہا کہ فیصلہ بظاہر عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی بھی ہو سکتا ہے ، میرے قانونی مشیر فیصلے کاجائزہ لیں گے۔