کراچی 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پُرامید ہے کہ آئندہ سال ورلڈکپ کے بعد بیرونی ٹیموں کی پاکستان آمد شروع ہوجائے گی۔ پی سی بی ٹسٹ کھیلنے والے پڑوسی ممالک بنگلہ دیش اور سری لنکا کو قائل کرنے کے بعد آئندہ سال پاکستان میں سہ رخی سیریز کروانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔ آئندہ ماہ آئی سی سی کے اجلاس کے دوران سہ رخی ٹورنمنٹ کے حوالے سے پیش رفت کی توقع ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کے بموجب ساڑھے پانچ سال پاکستان کے ویران میدانوں کو آباد کرنے کے لئے مختلف متبادل منصوبوں پر غور کیا جارہا ہے۔کئی ملکوں کی انڈر19،اور اے ٹیموں کو مدعو کیا جارہا ہے۔کئی اسوسی ایٹ ملکوں کی ٹیمیں پاکستان آنا چاہتی ہیں لیکن ہماری توجہ ہے کہ ٹسٹ کھیلنے والی دو ٹیموں سری لنکا اور بنگلہ دیش کو پاکستان مدعو کرتے ہوئے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال کی جائے۔ ایک مرتبہ سہ رخی ٹورنمنٹ منعقد ہوگیا تو پھر بیرونی ٹیموں کے لئے دروازے کھلنا شروع ہوجائیں گے۔ پاکستان ،سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان ورلڈ کپ کے بعد ٹورنمنٹ پاکستان میں کروانا چاہتے ہیں۔میں اپنے بنگلہ د یش اور سری لنکا کے دورے میں ان ملکوں کے حکام سے بات چیت کر چکا ہوں۔