پی سی بی ملازمین کے کمنٹری کرنے پر پابندی عائد

کراچی، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) پی سی بی نے اپنے تمام ملازمین کے کمنٹری کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ چیرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ ’’ہم کسی عہدہ دار کو کرکٹ کمنٹری کی اجازت نہیں دیتے، چیف سلیکٹر ہارون رشید کو حالیہ ٹی 20 ٹورنمنٹ میں مجبوراً کمنٹری کرنی پڑی لیکن یہ بورڈ کی غلطی تھی، آئندہ ایسا ہرگز نہیں ہو گا، کوئی بھی تنخواہ دار پی سی بی آفیشل نشریاتی ذمہ داری نہیں نبھائے گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں شہریار خان نے کہا کہ نجم سیٹھی کو واضح طور پر بتا دیا گیا تھا کہ جس دن وہ آئی سی سی کے صدر بنے پی سی بی میں کوئی عہدہ نہیں رکھ سکیں گے، انھیں رکن گورننگ بورڈ اور چیرمین ایگزیکٹیو کمیٹی کے عہدے چھوڑنا پڑیں گے، یہ بات نجم سیٹھی کو اچھی طرح معلوم تھی۔