کراچی 10 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جس نے گزشتہ روز اپنے نمبر ایک بولر سعید اجمل پر غیر قانونی بولنگ ایکشن کی رپورٹ کے بعد آئی سی سی کی جانب سے عائد کردہ پابندی کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اِس نے اچانک اپنے اِس فیصلہ کو تبدیل کرتے ہوئے اسپنر کی راست مدد سے دستبرداری اختیار کرلی ہے کیونکہ اب یہ معاملہ پی سی بی کی بولنگ ریویو کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔ پی سی بی نے سعید اجمل پر عائد پابندی کے خلاف آئی سی سی سے رجوع ہونے کا جو فیصلہ کیا تھا اب اِس موقف میں تبدیلی کرلی ہے۔ پی سی بی کے چیرمین شہریار خان نے اِس ضمن میں کہا ہے کہ ہم آئی سی سی سے اپیل کررہے ہیں لیکن اب یہ معاملہ ریویو کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے سعید اجمل کی پابندی کے معاملہ کو ریویو کمیٹی کے سپرد کردینے کا مطلب یہی ہوگا کہ اب کمیٹی جو رپورٹ
اور اِس معاملہ میں ہونے والی تفصیلات سے پی سی بی کو آگاہ کرے گی تو اُن تفصیلات کی بنیاد پر پی سی بی اپنی کارروائی کرے گا۔ بولنگ ریویو کمیٹی کی صدارت سابق فاسٹ بولر اور بولنگ کوچ محمد اکرم کررہے ہیں جبکہ اِس کمیٹی میں سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد، علی ضیاء کے علاوہ علیم ڈار یا احسن رضا کے شامل ہونے کے امکانات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے اپیل کی صورت میں سعید اجمل کی معطلی پابندی میں تبدیل ہوسکتی تھی کیونکہ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ کسی بھی فیصلہ کے خلاف اپیل نہیں بلکہ نظرثانی کی درخواست کی جاسکتی ہے۔ پی سی بی کا موقف ہے کہ سعید اجمل کی راست مدد سے یہ مسئلہ مزید پیچیدہ ہوسکتا ہے لہذا وہ جوکھم لینے کی بجائے ریویو کمیٹی کو ذمہ داری دے دی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل کے معاملہ میں بولنگ کمیٹی سے رابطہ قائم کرلیا ہے اور ابتدائی طور پر ملنے والی رائے بھی حاصل کرلی ہے۔