دبئی۔17ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپرلیگ (پی ایس ایل) 2019 کے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہوگا جبکہ ایونٹ کے آخری 8 میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔پی ایس ایل کی گورننگ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نمائندوں کا ایک اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقد ہوا جس کی صدارت بورڈ کے نئے چیئرمین احسان مانی نے کی۔احسان مانی نے کہا کہ پی سی بی اور پی ایس ایل کی تمام فرنچائزز اس منصوبے کا حصہ ہیں اور میں پراعتماد ہوں کہ ہم سب اگلے مرحلے میں اچھے نتائج کے لیے مل بیٹھ کر کام کریں گے۔آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق احسان مانی نے کہا ہے کہ فیصلہ سازی میں فرنچائزز کو شامل کرنا اس بات کو ظاہرکررہا ہے کہ تمام حصہ داروں کی یکساں ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔