پی ایچ ایف ہندوستان سے ہاکی سیریز کیلئے کوشاں

کراچی۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے ساتھ باہمی سیریز کے احیاء کے لئے کوشاں پاکستان ہاکی فیڈریشن ہندوستان کے ساتھ ٹسٹ سیریز کی میزبانی کیلئے کوشاں ہے کیونکہ اسے حکومت پاکستان کی جانب سے ہندوستان کی ہاکی ٹسٹ سیریز میں میزبانی کے لئے اجازت مل گئی ہے حالانکہ تواریخ کا ہنوز فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر اختر رسول نے کہا کہ حکومت نے ہمیں نہ صرف ہندوستان کے خلاف ہاکی ٹسٹ سیریز کی میزبانی کی اجازت دی ہے بلکہ فنڈس فراہم کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کردی ہے۔ پی ایچ ایف ہندوستان کے ساتھ ملک اور بیرون ملک باہمی ٹسٹ سیریز کے انعقاد کا خواہاں ہے اور اختر رسول چاہتے ہیں کہ یہ سیریز رواں برس منعقد ہو تاہم انہیں ہندوستانی ارباب مجاز کے جواب کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف رواں برس ہندوستان کے ساتھ ٹسٹ سیریز کا

خواہاں ہے لیکن اس کے ساتھ ہی انہیں انڈین ہاکی فیڈریشن کے جواب کا انتظار ہے۔ اپنے عہد میں بین الاقوامی سطح پر ہاکی کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا سکہ منوانے والی ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں اب جدوجہد میں مصروف ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم رواں سیریز منعقد شدنی ورلڈ کپ میں رسائی سے بھی محروم ہوچکی ہے۔ پی ایچ ایف کے صدر اختر رسول نے اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کی عظمتِ رفتہ کو بحال کرنے کیلئے نہ صرف فنڈس کی ضرورت ہے بلکہ ہاکی کے متعلق عوام میں دلچسپی بھی پیدا کرنی ہوگی۔