پی ایچ ایف کا ہاکی پریمیئر لیگ کے انعقاد پر غور

اسلام آباد، 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرح پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) بھی رواں سال کے اختتام تک ہاکی پریمیئر لیگ کے انعقاد کے بارے میں غور کررہا ہے۔ پی ایچ ایف سکریٹری شہباز احمد کے مطابق فی الحال فیڈریشن کے حکام کے درمیان بات چیت جاری ہے اور اس موقع پر کچھ ٹھوس کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ ’ڈان‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے گزشتہ روز کہا کہ اس موقع پر میں آپ کو مزید تفصیلات فراہم نہیں کرسکتا ۔ تاہم ہم اس ٹورنمنٹ کو آئندہ 90 روز کے اندر کروانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کو بہتر بنانے کیلئے پی ایچ ایف کو کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی اور نوجوانوں کیلئے ہمیں کچھ خاص کرنا ہوگا ورنہ ہاکی کون کھیلے گا؟ اگر اس شعبے میں کوئی مستقبل ہی نہیں تو اسے کوئی نہیں کھیلے گا۔