جو لوگ اچھے دن نہیں لاسکے ، اب اپوزیشن سے خوفزدہ ہیں، شیوسینا کی تنقیدیں
ممبئی۔26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہوں نے اقتدار کو آکسیجن کی مانند قرار دیتے ہوئے اپوزیشن کے خلاف ریمارکس کیئے ہیں۔ سینا نے کہا کہ وہ لوگ جو اچھے دن حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے اب اپوزیشن میں بیٹھنے کا سونچ کر ہی پریشان ہورہے ہیں۔ شیوسینا نے یہ بھی کہا کہ حکومت کا کمپیوٹرس اور موبائل فونس پر نظر رکھنے والا اقدام حقیقی جمہوریت کی علامت نہیں ہے بلکہ اقتدار میں برقرار رہنے کی مایوسانا کوشش ہے۔ پارٹی کے ترجمان سامنا کے اداریہ میں سینا نے آج کہا کہ ایودھیا میں لارڈ رام اور سیاست میں بی جے پی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی کو جلاوطنی کیا جاچکا ہے اور دیگر قائدین اقتدار کی آکسیجن کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ اقتدار کے لیے موجودہ سیاست نے کسی کو جبری طور پر یکا و تنہا کردینا عام بات ہوگئی ہے۔ شیوسینا مرکز میں اور مہاراشٹرا میں بھی بی جے پی کی حلیف پارٹی ہے۔ مودی نے پیر کو اپوزیشن پر چوٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بعض لوگوں کے لیے اقتدار آکسیجن کی طرح ہے کیوں کہ اگر وہ دو یا پانچ سال کے لیے بھی اس سے دور ہوجاتے ہیں تو بے چینی میں مبتلا رہتے ہیں۔ مرہٹی روزنامہ نے بی جے پی پر مزید تنقید میں کہا کہ جو عناصر اچھے دن نہیں لاسکے حالانکہ انہیں اقتدار نصیب ہوا، اب وہ اپوزیشن سے خوفزدہ ہیں۔ اگر انہیں اپوزیشن میں بیٹھنا پڑجائے تو اس کا احساس ہی انہیں پریشان کررہا ہے۔