پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں منعقد کرنے کی تیاریاں

لاہور۔24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے صدر اور پاکستان سوپر لیگ کے سربراہ نے پنجاب حکومت سے کہا ہے کہ وہ پی ایس ایل 2017ء کا فائنل لاہور میں کروانے کی تیاریاں کرے۔  نجم سیٹھی نے کہا  کہ ہم نے ایسے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو سائن کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جو اس بات کی ضمانت  دیں کہ اگر ان کی ٹیم فائنل میں پہنچی تو وہ پاکستان میں کھیلنے کیلئے تیار ہونگے۔ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی چیئرمین کے مطابق پی ایس ایل میں شرکت کے لئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست مرتب کی جا رہی ہے۔ لاہور میں فائنل کھیلنے کے لئے رضامند کھلاڑیوں کی ایک الگ فہرست ہوگی جس میں فرنچائز پر زور دیا جائے گا کہ وہ ان کھلاڑیوں کا انتخاب کریں جو فائنل پاکستان میں کھیلنے پر رضامند ہیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل میچ لاہور میں کروانے کی کوششیں پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کی طرف ایک قدم ہے۔ یہ صرف ایک دن کے کھیل کا سوال ہے۔ ہم بیرونی عہدیداروں اور کھلاڑیوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہیں۔ اس سے قبل زمبابوے کے کامیاب دورے کے موقع پر بھی پنجاب حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے شاندار انتظامات کئے تھے، جس کی دنیا بھر میں پذیرائی کی گئی تھی۔ اطلاعات ہیں کہ ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر آندرے رسلز نے پاکستان میں کھیلنے کی حامی بھر لی ہے تاہم آسٹریلیائی کھلاڑی شین واٹسن اور ڈیرن سیمی نے لاہور میں کھیلنے کو سیکیورٹی کلئیرنس سے مشروط کیا ہے۔