لاہور۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے دوران پاکستان رینجرز (پنجاب ) کی 4 کمپنیوں کو تعینات کرنے کے حوالے سے اسلام آباد کو لکھے گئے خط کے ساتھ ہی فائنل کے لئے پانچ حصار پر مشتمل انتہاہی سخت سیکیورٹی پروٹوکول کو حتمی شکل دے دی گئی۔تمام متعلقہ سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے متعدد اجلاسوں کے بعد حکام نے 5 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل کے پیش نظر صورتحال کو ‘غیر معمولی’ قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی منصوبہ کوحتمی شکل دی۔توقع کی جارہی ہے کہ صدر ممنون حسین سمیت کئی ہائی پروفائل شخصیات پی ایس ایل کا فائنل اسٹیڈیم میں براہ راست دیکھیں گی۔پنجاب کے محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو بھیجے گئے خط میں شہر میں رینجرز کی 4 کمپنیوں کو تعینات کرنے کی درخواست کی ہے۔کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور محمد امین وینس نے میڈیا کو بتایا کہ سیکیورٹی کی اعلیٰ نگرانی کے لئے پاک فوج، رینجرز اور پنجاب پولیس قذافی اسٹیڈیم کے اطراف کا کنٹرول سنبھالیں گی۔سی سی پی او کے مطابق حساس اور چیلنجنگ صورتحال کے پیش نظر پانچ حصاروں پر مشتمل ایک اعلیٰ سیکیورٹی منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی۔
محمد امین وینس نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کے دوران سیکیورٹی سے منسلک مختلف ذمہ داریوں کے حوالے سے صوبے بھر سے 10 اعلیٰ پولیس عہدیداروں کو طلب کیا گیا۔طلب کئے گئے زیادہ تر عہدیدار ڈسٹرکٹ پولیس آفسیرز (ڈی پی اوز) ہیں اور انہیں دارالحکومت میں گزشتہ کام کے تجربے کی بنیاد پر بلایا گیا۔سی سی پی او نے منصوبہ کے متعلق بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سب سے پہلے فوج جواب دے گی، جب کہ رینجرز، پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے فوج کی پیروی کریں گے۔امین وینس کے مطابق پنجاب کانسٹیبلری، ڈولفن فورس، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس اور مختلف پولیس تھانوں کے عہدیدار اسٹیڈیم کی جانب آنے جانے والے راستوں، قریبی عمارتوں اور سڑکوں پر بطور گارڈ تعینات کئے جائیں گے۔ احتیاطی اقدامات کے طور پر اسٹیڈیم سے ملحقہ عمارتوں بشمول رہائشی عمارتوں کے مکینوں اور کاروباری پلازوں میں کام کرنے والوں کا ریکارڈ جمع کیا جا رہا ہے۔