اسلام آباد۔27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی قومی ایرلائنز پی آئی اے جو اس وقت خسارہ کا شکار ہے، نے اپنے ایک پائلٹ اور دیگر دو عہدیداروں کو طیارہ میں چھ زائد مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دینے کے خلاف وجہ نمائی نوٹس جاری کی ہے کیوں کہ انہوں نے ایسی حرکت کی ہے جو ایئر سیفٹی ریگولیشن کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایرلائینز کے ترجمان دانیال گیلانی نے فی الحال تازہ ترین صورت حال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم اتنا ضرور کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے تمام عہدیداروں کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیا گیا ہے۔ کیپٹن انور عادل، سینئر ایئر ہوسٹس حنا تراب اور ٹرمنل منیجر اکبر علی شاہ کو چھ زائد مسافروں کو جمپ سیٹ اور کاک پٹ میں سفر کرنے کی اجازت دینے پر وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی ہے۔ بوئنگ 777 20جنوری کو کراچی سے مدینہ منورہ کی پرواز پر تھا۔